نئی دہلی،09؍مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) تمل ناڈو حکومت کے دودھ ترقی کے وزیر کے ٹی راجندر بالاجی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی آل انڈیا انا دراوڑ منیتر کڑگم کارکنوں کے والد جیسے ہیں۔شريولی پتھر کے قریب مہاراج پورم میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ٹی راجندر بالاجی نے کہاکہ مودی ہمارے والد ہیں، انڈیا کے والد ہیں، ہم ان کی قیادت کو قبول کرتے ہیں،وزیر بالاجی نے کہا کہ اماں (جے للتا) کے انتقال کے بعد پی ایم مودی انادرمک کی مدد کرنے اور راستہ دکھانے آگے آئے۔دراصل وزیر موصوف سے جب صحافیوں نے سوال پوچھا کہ جب جے للتا نے بی جے پی سے اتحاد نہیں کیا تو موجودہ انادرمک قیادت اس طرح کے اتحاد کس طرح کر رہی ہےَاس سوال کے جواب میں وزیر کے ٹی راجیندر نے کہا کہ اماں کا فیصلہ مختلف تھا، لیکن اماں جیسی بڑی پروفائل کی غیر موجودگی میں مودی ہمارے والد ہیں، ہندوستان کے والد ہیں۔بتا دیں کہ لوک سبھا انتخابات 2019 کے لئے تمل ناڈو میں بی جے پی نے جے للتا کی پارٹی انادرمک کے ساتھ اتحاد کیا ہے۔جب صحافیوں نے ان سے پوچھا کہ 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں جے للتا نے کہا تھا کہ تمل ناڈو کی لیڈی مودی سے بہتر ہے تو اب بی جے پی کے ساتھ ان کا اتحاد کیسے ہو سکتا ہے؟اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جے للتا مودی کے خلاف نہیں تھیں، وہ صرف دنیا کو یہ بتانا چاہتی تھیں کہ تمل ناڈو میں بھی ایک بہترین قیادت موجود ہے۔ دوسری صورت میں اماں نریندر مودی کا انتہائی احترام کرتی تھیں۔انہوں نے کہا کہ واجپئی کے زمانے میں بھی جے للتا ان کی اچھی دوست تھیں۔بتا دیں کہ 2014 کے لوک سبھا انتخابات کے دوران جنوب کی سیاست میں تمل ناڈو کی لیڈی یا گجرات کے مودی کا نعرہ خوب چلا تھا۔2019 کے لوک سبھا انتخابات میں تمل ناڈو میں بی جے پی اور حکمراں اے آئی ڈی ایم کے کے درمیان سیٹوں کی تقسیم ہو گئی ہے۔اس کے تحت بی جے پی 5 سیٹوں پر انتخاب لڑے گی، تو وہیں پٹالی مکل کچی (پی ایم کے) 7 سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے گی۔پی ایم کے کو راجیہ سبھا کی بھی ایک نشست ملے گی۔تمل ناڈو اور پنڈوچیري میں لوک سبھا کی 40 سیٹیں ہیں۔بی جے پی اورپی ایم کے کو 12 نشستیں دینے کے بعد باقی بچی 28 سیٹوں پراے آئی اے ڈی ایم کے اور ڈی ایم ڈی کے انتخاب لڑے گی۔